ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس پر پولیس کارروائی، رات گئے دھاوا، رہائشیوں میں خوف و ہراس
اسلام آباد(بولونیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مبینہ ہدایت پر رات بارہ بجے کے بعد ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھاوا بول دیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے اپارٹمنٹس کے دروازے اور لاکس توڑ دیے، جبکہ بیشتر فلیٹس میں فیملیز رہائش پذیر تھیں۔ کارروائی کے دوران پولیس نے سڑک بھی بند کر دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رہائشیوں کو پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اعلیٰ حکام کے حکم پر بلڈنگ کو 12 گھنٹوں میں خالی کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ عمارت کو غیر قانونی قرار دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سی ڈی اے نے 2005 میں 13 ایکڑ زمین ایک کمپنی کو 99 سالہ لیز پر لگژری ہوٹل کے لیے دی تھی، تاہم کمپنی نے مبینہ طور پر اس زمین پر ہوٹل کی بجائے لگژری اپارٹمنٹس تعمیر کر کے فروخت کر دیے۔
پولیس کارروائی کے بعد رہائشیوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ مزید صورتحال سرکاری مؤقف اور قانونی کارروائی کے بعد واضح ہو گی۔


