ملکی مسائل کے حل کے لیے آئین و قانون کی بالادستی ضروری ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(بولونیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی حالات بہتر بنانے کا واحد راستہ آئین اور قانون کی بالادستی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلسل غربت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کراچی میں صورتحال یہ ہے کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ملک کے اصل مسائل پر بات نہیں ہوتی، جبکہ آج کے دور میں نوجوان بڑی تعداد میں بیرون ملک جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران جنگ کے حوالے سے صلح کی کوشش ایک مثبت اقدام ہے۔دوسری جانب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ غریب طبقہ سیلز ٹیکس کی صورت میں ہر چیز پر ٹیکس ادا کر رہا ہے، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور غریب کے لیے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر اس وقت تقریباً 40 فیصد ٹیکس عائد ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اس طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے۔


