رونالڈو نے گزشتہ سال رمضان کے 2 روزے رکھے، سابق ساتھی کھلاڑی کے انکشاف سے تہلکہ
امریکہ(بولونیوز)دنیا بھر میں مسلمان ماہِ رمضان کی مناسبت سے اللّٰہ کی رضا کے لیے روزے رکھ رہے ہیں، اور اس دوران غیر مسلم پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔
النصر کلب کے سابق کھلاڑی شائے شراحیلی نے بتایا کہ گزشتہ سال رمضان کے پہلے دو دن رونالڈو نے النصر کے مسلم کھلاڑیوں کے ساتھ روزے رکھنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے 2 دن روزہ رکھا تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ مسلمان روزے کے دوران کیا محسوس کرتے ہیں۔
شراحیلی نے مزید کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ابتدا میں روزہ رکھنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی روزمرہ کی عادات میں تبدیلی آ جاتی ہے۔ تاہم، رونالڈو کا یہ اقدام کسی مذہبی وابستگی یا مستقل فیصلہ نہیں تھا، بلکہ ایک ذاتی تجربہ تھا۔
النصر میں شمولیت کے بعد رونالڈو کو میدان میں دعا کرتے اور کچھ پڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔رونالڈو اس وقت سعودی عرب کے کلب النصر سے وابستہ ہیں اور حال ہی میں اپنے معاہدے میں توسیع کر کے 2027 تک کلب کا حصہ رہیں گے۔


