چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا نارتھ کراچی سیکٹر 5C3 وارڑ 3میں پیور بلاک منصوبے کا افتتاح
کراچی(بولونیوز)نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے نارتھ کراچی سیکٹر 5C3 کے وارڈ تھری میں پیور بلاک کی تنصیب سےمکمل ہونے والی دس گلیوں کا باقاعدہ تقریب میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چیرمین نیو کراچی ٹاون شعیب بن ظہیر یو سی 3 چیرمین محمد علی ارشد کونسلرز، ٹاؤن افسران اورمنتخب نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد،بھی موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے منتخب ہو کر آئے ہیں اور اسی لیے خود کو عوام کے سامنے جواب دہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ عوامی مینڈیٹ سے آتے ہیں، ان پر لازم ہے کہ وہ نہ صرف دعوے کریں بلکہ عملی طور پر خدمت اور ذمہ داری کا ثبوت بھی دیں۔محمد یوسف نے بتایا کہ نارتھ کراچی سیکٹر 5C3 کے وارڈ تھری میں عوام کی دیرینہ خواہش تھی کہ ان کی گلیوں کو پختہ اور دیرپا بنیادوں پر تعمیر کیا جائے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے پیور بلاک کے ذریعے دس گلیوں کا کام مکمل کرایا ہے، جن کا آج باقاعدہ افتتاح کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے اپنے محدود وسائل کے باوجود عوامی سہولت کے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے بھاری اخراجات شامل ہیں۔ ان کے مطابق پانی کی فراہمی اور سیوریج کا نظام بنیادی طور پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری ہے، جس کے سربراہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہیں، تاہم بدقسمتی سے یہ ادارہ شہری مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرتا دکھائی نہیں دیتا۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مہذب انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں نلوں میں پانی کی عدم دستیابی، سیوریج کے خراب حالات اور گندگی کے ڈھیر اس بات کے متقاضی ہیں کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کارکردگی پر سنجیدہ توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کی توجہ اگر ان بنیادی شہری اداروں پر مرکوز ہو جائے تو شہریوں کو درپیش کئی مسائل خود بخود کم ہو سکتے ہیں۔محمد یوسف نے مزید کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ٹاؤن انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں، لیکن ان اداروں کی عدم فعالیت کے باعث ٹاؤن انتظامیہ کو مجبوراً اپنے فنڈز سے وہ کام بھی کرنے پڑ رہے ہیں جو اس کی ذمہ داری نہیں ہے، صرف اس لیے کہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تقریب کے اختتام پر وارڈ تھری کے مکینوں نے دس گلیوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیور بلاک کی تنصیب سے نہ صرف آمدورفت بہتر ہوئی ہے بلکہ سیوریج اور صفائی کے مسائل میں بھی واضح بہتری آئی ہے-


