او ایس یو اور NCCIA کی کراچی میں بڑی سائبر فراڈ کارروائی، 33 گرفتار، 17 چینی شہری شامل

کراچی(بولونیوز)او ایس یو نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے تعاون سے کراچی میں غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے ایک بڑے سائبر فراڈ اور پونزی اسکیم نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق یہ نیٹ ورک ڈی ایچ اے کراچی میں ایک ٹشو مارکیٹنگ کمپنی کی آڑ میں دو مقامات (اتحاد، ڈی ایچ اے اور فیز ون، ڈی ایچ اے) سے بیک وقت آپریٹ کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 33 افراد گرفتار کیے گئے، جن میں 17 چینی شہری شامل ہیں۔

چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں شواہد برآمد کیے گئے، جن میں کمپیوٹرز، ڈی وی آر، موبائل فونز، یو ایس بیز اور چینی سمز شامل ہیں، جبکہ دونوں مقامات کو سیل کر دیا گیا۔ یہ فراڈ ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے آن لائن اسکیموں کے ذریعے عوام کو مالی نقصان پہنچانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق یہ آپریشن گذشتہ ایک دہائی میں سندھ میں سائبر فراڈ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی ہے، جس سے منظم سائبر کرائم نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچے گا اور مستقبل میں آن لائن فراڈ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *