ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کی پریس کانفرنس، اغواء، قتل اور چوری کے مقدمات میں بڑی کامیابیاں
لاہور(بولونیوز)ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن حسن فاروق گھمن نے اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال ٹاؤن ڈویژن میں کی گئی بڑی کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن سے اغواء ہونے والی 123 خواتین میں سے 101 خواتین کو صرف ایک ماہ کے دوران بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو اغواء کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
قتل کے مقدمے میں بڑی پیش رفت
انویسٹی گیشن پولیس تھانہ ساندہ نے 16 سالہ نوجوان فائق احمد کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں مرکزی ملزم، اس کا سگا بھائی اور بہنوئی شامل ہیں۔
ایس پی کے مطابق ملزمان نے فائق احمد کو اغواء کر کے دریائے راوی کے پل پر لے جا کر ذاتی رنجش کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں پل سے نیچے دھکا دے دیا۔ ملزمان مضروب حالت میں فائق احمد کو میو ہسپتال ایمرجنسی لے کر آئے، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
تھانہ شیراکوٹ کی کارروائی
انویسٹی گیشن پولیس تھانہ شیراکوٹ نے جائیداد کے تنازعہ پر سوتیلے بھائی کو قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے اسے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
مسلم ٹاؤن میں چوری کی واردات کا سراغ
انویسٹی گیشن پولیس مسلم ٹاؤن نے خاتون شہری کے گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات چوری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں مرکزی ملزم اور اس کا ساتھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 34 تولے زیورات اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن حسن فاروق گھمن نے بتایا کہ تمام ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔


