سینٹرل جیل میں گنجائش سے کئی گنا زیادہ قیدی، صورتحال سنگین

کراچی(بولونیوز)کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے کہیں زیادہ ہو گئی ہے، جس کے باعث جیل انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جیل حکام کی رپورٹ کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں تقریباً 8 ہزار قیدی موجود ہیں جبکہ اس کی گنجائش صرف 2400 کے قریب ہے۔ اسی طرح ملیر جیل کراچی میں بھی صورتحال سنگین ہے، جہاں 2200 کی گنجائش کے مقابلے میں 5644 قیدی رکھے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ گنجائش صرف تقریباً 14 ہزار ہے، یعنی ہزاروں قیدی اضافی طور پر موجود ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد سینٹرل جیل میں ڈیڑھ ہزار کی گنجائش کے مقابلے میں 3 ہزار قیدی جبکہ لاڑکانہ سینٹرل جیل میں 650 کی گنجائش کے مقابلے میں تقریباً ایک ہزار قیدی موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کی 23 جیلوں میں سب سے زیادہ تعداد انڈر ٹرائل قیدیوں کی ہے، جن کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہے، جبکہ سزائے موت کے 459 اور دیگر سزا یافتہ 3574 قیدی بھی موجود ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کی وجہ سے رہائش، صحت اور سکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور صورتحال مزید بوجھ کا شکار ہو رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *