لاہور میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 588 گاڑیوں کے چالان، متعدد مقدمات درج
لاہور(بولونیوز)لاہور ٹریفک پولیس نے غیر نمونہ، جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی روز 1323 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مہم کے پہلے روز بغیر نمبر پلیٹس، غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور “اپلائیڈ فار” پلیٹس استعمال کرنے پر 588 وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح فینسی نمبر پلیٹس اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس لگانے پر 315 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ اگلی یا پچھلی نمبر پلیٹ ٹوٹی ہونے، نمبرز واضح نہ ہونے اور گاڑی کا ماڈل یا شناخت چھپانے پر 420 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹس اور جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال پر ڈیفنس سرکل میں دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر چار ہزار سے زائد موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے وارننگ اور رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔
سید عبدالرحیم شیرازی، چیف ٹریفک آفیسر لاہور، نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر کار ڈرائیور کو 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل سوار کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بوگس، غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس یا غیر قانونی نیلی بتی استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کے بجائے اپنا نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرتے ہیں جبکہ کچھ قانون شکن عناصر گاڑی کی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا سہارا لیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ تمام گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں جن پر نمبر پلیٹس ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نصب ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جائے گا۔


