پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، آؤٹ ڈور ڈرون اُڑانے پر پابندی برقرار

لاہور(بولونیوز)حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر عائد پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت بڑھائی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہالز اور مارکیز کے اندر منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود اور محفوظ استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ انٹیلیجنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، تاکہ سکیورٹی اور نگرانی سے متعلق امور میں رکاوٹ نہ آئے۔

پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پابندی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *