دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش، شہر کو پانی کی فراہمی متاثر

کراچی(بولونیوز)دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے جبری شٹ ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہو گئی ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی گرڈ کے پاور ٹرانسفارمر نمبر 1 میں فنی خرابی کی مرمت کے لیے 30 مئی کی شام 6:30 بجے شٹ ڈاؤن کیا، جس کے نتیجے میں پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 10 پمپنگ یونٹس بند ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے ابتدائی طور پر صرف ایک گھنٹے کے شٹ ڈاؤن کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بجلی کی مکمل بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔

واٹر بورڈ کے مطابق کراچی کو تقریباً 54 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر کچھ اسٹیشنز کو بیک فیڈ کے ذریعے جزوی طور پر چلایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *