نجکاری کو 6 ماہ گزر گئے، پی آئی اے کا انتظام تاحال خریدار کنسورشیم کے حوالے نہ ہو سکا
لاہور(بولونیوز)قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کو چھ ماہ گزرنے کے باوجود اس کا انتظام خریدار کنسورشیم کو منتقل نہیں کیا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا کنٹرول 25 مئی کو خریدار کنسورشیم کے حوالے کیا جانا تھا، تاہم اب یہ عمل جون کے اختتام تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹرول منتقلی میں تاخیر کی بنیادی وجہ مختلف مقامی اور بین الاقوامی این او سیز کا بروقت اجرا نہ ہونا ہے۔ بیوروکریسی کی سست روی کے باعث این او سی کا عمل تاخیر کا شکار رہا، جبکہ معاہدے کے تحت کنسورشیم کو این او سی ملنے کے بعد 85 ارب روپے نجکاری کمیشن کے پاس جمع کروانا تھے۔
اس حوالے سے ترجمان نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ مقامی اور بیرونی این او سی حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔ مجموعی طور پر 40 سے زائد این او سی درکار تھے، جن میں سے زیادہ تر حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اگلے چند روز میں تمام این او سی جاری ہو جائیں گے، جبکہ خریدار کنسورشیم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ این او سی مکمل ہوتے ہی 83 ارب روپے کی رقم ادا کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جون کے آخر تک قومی ائیرلائن کا انتظام خریدار کنسورشیم کو منتقل کر دیا جائے گا۔


