غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری، 35 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

لاہور(بولونیوز)صوبہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق اب تک صوبے بھر سے 35 ہزار سے زائد افغان باشندوں اور دیگر غیر قانونی غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت 163 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی واپس بھجوا دیا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق واپس بھجوائے گئے افراد میں 10 ہزار 898 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر تھے۔ اس کے علاوہ 13 ہزار 113 مکمل طور پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا۔

ادھر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس پورے عمل کو قانون کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *