بجلی صارفین کے لیے حکومتی سبسڈی اسکیم کی آڑ میں ہیکرز سرگرم، پاور ڈویژن کی ایڈوائزری جاری
اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد میں پاور ڈویژن کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بجلی صارفین کے لیے حکومتی سبسڈی اسکیم کی آڑ میں ہیکرز سرگرم ہو گئے ہیں، جو بجلی کے بلوں پر موجود جعلی کیو آر کوڈ اور لنکس کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بعض عناصر بجلی بل پر کیو آر کوڈ کا سہارا لے کر صارفین کو ایک مخصوص لنک پر کلک کرنے کا کہتے ہیں، جہاں چار مراحل میں معلومات شیئر کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ اس کے بعد صارفین سے اسی لنک پر چھ ہندسوں پر مشتمل ایک کوڈ بھی درج کروایا جاتا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ طریقہ کار مکمل طور پر غلط، غیرقانونی اور فراڈ پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل کے علاوہ کسی اور ڈیجیٹل یا کاغذی پلیٹ فارم پر صارفین کی معلومات درج کرنے کا کوئی سرکاری طریقہ موجود نہیں۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے مزید کہا کہ بعض جرائم پیشہ عناصر کیو آر کوڈ کا غلط استعمال کرکے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
ایڈوائزری میں بجلی صارفین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سبسڈی کے حصول کے لیے کسی بھی ڈیجیٹل لنک، کیو آر کوڈ یا کاغذی فارم پر اپنی ذاتی یا مالی معلومات ہرگز درج نہ کریں اور کسی مشتبہ پیغام یا لنک سے فوری طور پر گریز کریں۔


