سندھ اسمبلی میں ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ پر قرارداد متفقہ طور پر منظور
کراچی(بولونیوز)سندھ اسمبلی میں ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک اہم قرارداد پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں وطنِ عزیز کے شہداء، مسلح افواج اور عوام کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ایوان نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور جرات کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تمام سروسز چیفس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کا دفاع کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
قرارداد میں آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی سیاسی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور قومی یکجہتی کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔
ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ اسمبلی اور پوری قوم ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں رہے گی۔ قرارداد میں میڈیا، نوجوانوں اور عوام کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا گیا کہ قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
سندھ اسمبلی نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ ہمیں اپنی قوم اور محافظ افواج پر فخر ہے اور یہی اتحاد و یکجہتی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی ضمانت ہے۔


