اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نظامِ زندگی متاثر
لاہور(بولونیوز)اسلام آباد ، راولپنڈی، چکوال اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار مگر معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
دوسری جانب لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں مالاکنڈ، سوات، نوشہرہ اور شمالی وزیرستان شامل ہیں، وہاں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
صوابی میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
علاوہ ازیں وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم سرد ہوگیا اور سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھایا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔


