گندم فروخت کی حد ختم ہونے سے چھوٹے آبادگاروں کو فائدہ ہوگا، شرجیل میمن
کراچی(بولونیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گندم فروخت کی حد ختم کرنا اور فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط کا خاتمہ ایک اہم اور مثبت فیصلہ ہے، جس سے چھوٹے آبادگاروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد کاشتکار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پیداوار سرکاری مراکز پر فروخت کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کرنا اور 10 لاکھ میٹرک ٹن خریداری کا ہدف حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق گندم خریداری مہم کو تیز کرنے اور کم خریداری والے اضلاع میں خصوصی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کو ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے فیول سبسڈی کی فراہمی شفافیت اور مؤثر کارکردگی کی مثال ہے، جبکہ اب تک کروڑوں روپے کی بروقت ادائیگیاں ہاریوں کے اعتماد میں اضافہ کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو فیلڈ میں متحرک کیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت ہاریوں کے مفادات کے تحفظ اور صوبے کی غذائی تحفظ کی پالیسی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔


