اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، ریڈ زون سیل، میٹرو بس سروس معطل
اسلام آباد(بولونیوز)راولپنڈی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت میں پاک فوج، رینجرز، اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چُنگی کو بھی بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سرکاری دفاتر کے ملازمین آج ورک فرام ہوم کریں گے، جبکہ سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں تمام کلاسز آن لائن کر دی گئی ہیں۔ ریڈ زون میں واقع تمام وزارتیں، ڈویژنز اور وفاقی ادارے بھی آج ورک فرام ہوم کے تحت کام کریں گے۔
عدالتی امور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت میں آج عدالتی کارروائی معطل رہے گی اور 21 اپریل کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔


