خواتین کا کردار فیصلہ کن، “میری پہچان پاکستان” خواتین کو بااختیار بنائے گی
کراچی(بولونیوز)سابق گورنر سندھ اور “میری پہچان پاکستان” کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کا کردار نہایت اہم اور فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت خواتین کو نہ صرف بااختیار بنائے گی بلکہ انہیں عملی طور پر معاشرے میں ان کا جائز اور باوقار مقام بھی دلائے گی۔
اپنی تقریر میں انہوں نے برصغیر کی عظیم شخصیات بی اماں، فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم خواتین نے پاکستان کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیے۔ ان کے مطابق آج کی خواتین بھی انہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ “میری پہچان پاکستان” خواتین کو سیاست، تعلیم، معیشت اور سماجی میدان میں آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور ہم خواتین کو ہر اول دستہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں خواتین کو برابری کے مواقع اور مکمل تحفظ حاصل ہو۔
انہوں نے سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین سپہ سالاری اور “بنیان المرصوص” جیسے مضبوط نظریے نے پاکستان کو عالمی سطح پر مستحکم مقام دلایا ہے اور گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پارٹی قیادت کو ہدایات دیتے ہوئے نہال احمد صدیقی کو کہا کہ ہر ٹاؤن میں خواتین کی علیحدہ ٹاؤن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور خواتین کو منظم انداز میں سیاسی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ ساتھ ہی ایڈوائزری کونسل اور پارٹی ویژن پر باقاعدہ نشستوں کے انعقاد کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ پالیسی سازی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی خواتین کو ہدایت کی کہ وہ پہلے کی طرح فعال کردار ادا کریں اور خود کو مزید متحرک بنائیں۔ مزید برآں، تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے کے لیے ملک بھر میں لانگ ٹور اور مسلسل اجلاسوں کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اعلان کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے فیصلے کے تحت بلدیاتی انتخابات 2027 میں انہیں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ وطن واپسی کے بعد ایک جامع سیاسی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں ہماری حمایت کر رہی ہیں، مرکزی کمیٹی ان کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی قائم کرے۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ہم سب ایک قوم بن کر آگے بڑھیں تو ملک میں سیاست کا دھارا بدلا جا سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر صفیہ کی جانب سے مانسہرہ میں منعقدہ کامیاب کنونشن کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں خواتین کی بھرپور شرکت نے اس بات کا ثبوت دیا کہ پاکستانی خواتین اب ہر میدان میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔


