ایکسپو کراچی میں برڈز اینڈ کیٹل شو،سیکریٹری اطلاعات رضوان احمد فکری کی خصوصی شرکت

کراچی(بولونیوز)ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ برڈز اینڈ کیٹل شو میں “میری پہچان پاکستان” پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رضوان احمد فکری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وہ مقامی فارم ہاؤس کی جانب سے دی گئی خصوصی دعوت میں بھی شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں رضوان احمد فکری نے کہا کہ ایکسپو کراچی میں منعقد ہونے والی یہ شاندار نمائش نہ صرف پاکستان کے زرعی اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کا عملی مظہر ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برڈز اور کیٹل شو جیسے ایونٹس کسانوں، بریڈرز اور سرمایہ کاروں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جہاں جدید طریقۂ کار، تحقیق اور کاروباری مواقع کو فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور لائیو اسٹاک کا شعبہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہو سکتے ہیں اور ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

رضوان احمد فکری نے مزید کہا کہ اس قسم کی نمائشیں نوجوانوں کو زراعت اور مویشی بانی کے شعبے کی طرف راغب کر رہی ہیں جو خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کسانوں اور فارمرز کو سہولیات، تربیت اور آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ شعبہ مزید ترقی کر سکے۔

اس موقع پر انہوں نے سابق گورنر سندھ اور “میری پہچان پاکستان” کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان کی جانب سے نمائش کے تمام منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور برڈز اینڈ کیٹل شو کے شرکاء کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کراچی ہائٹس کی جانب سے اس بہترین سرگرمی کے انعقاد کو بھی سراہا اور اسے شہر کی مثبت شناخت قرار دیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان احمد فکری نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کی حمایت پر مرکزی کمیٹی اور اپنی جانب سے مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور اس تعاون کو ملکی سیاست میں مثبت پیش رفت قرار دیا۔

آخر میں انہوں نے منتظمین اور میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ “میری پہچان پاکستان” زرعی ترقی، کسانوں کی فلاح اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری کے لیے آئندہ بھی بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *