سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، دو خوارج ہلاک

بنوں(بولونیوز)ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو خوارج مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں خارجی رنگ کا سرغنہ وحید اللہ عرف مکتیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔ کارروائی کے دوران خوارج کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خارجی رنگ کا رہنما وحید اللہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ وہ 21 فروری 2026 کو ضلع بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مین ہینڈلر بھی تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑی تباہی ٹل گئی، جبکہ مرکزی ملزم کو انجام تک پہنچا کر انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔علاقے میں مزید کسی بھی ممکنہ خطرے کے تدارک کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “اعظمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور غیر ملکی حمایت یافتہ عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *