ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
کراچی(بولونیوز)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے پانچ رکنی وفد نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔وفد میں ایسوسی ایشن کے پیٹرن اِن چیف شوکت علی، سیکرٹری جنرل سلمان علیم، سینئر وائس چیئرمین مسرور باجوہ، وقار عظیم اور انس سلیجہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور ریسٹورنٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے کاروباری طبقے کو لاحق سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کاروباری برادری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس شہر میں امن و امان کے قیام اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو شیلڈ اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔


