عید قرباں کی تیاریاں عروج پر،مویشی منڈی میں گائے، بیل اور صحرائی جہازوں کی آمد
کراچی(بولونیوز)عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی کراچی کی عوام دوست مویشی منڈی میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ نادرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی میں گائے اور بیلوں کے بعد اب ’صحرائی جہاز‘ یعنی اونٹوں کی بھی لینڈنگ شروع ہو گئی ہے، جس سے منڈی کی رونقیں مزید بحال ہو گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اب تک منڈی میں پہنچنے والے قربانی کے جانوروں کی تعداد چار ہزار کے قریب ہو چکی ہے۔ منڈی کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی نے بتایا کہ سانگھڑ سے بیوپاری محمد علی ماڑی نسل کے 20 انتہائی خوبصورت اور بھاری بھرکم اونٹ لے کر مویشی منڈی پہنچے ہیں۔
بیوپاری محمد علی کا کہنا ہے کہ وہ ہر سال شوق سے نادرن بائی پاس مویشی منڈی کا رخ کرتے ہیں اور اس بار بھی کراچی کے شہریوں کے لیے اعلیٰ نسل کے کالے اور بھورے رنگ کے ماڑی نسل کے اونٹ لائے ہیں۔
نیو کراچی سے آئے خریدار عبدالرؤف نے منڈی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے بہترین اور محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کے لیے پنچ وقتہ نماز کی ادائیگی کے لیے عارضی مسجد قائم کی گئی ہے، جہاں نمازِ جمعہ بھی ادا کی گئی۔ وضو کے لیے پانی کا خصوصی انتظام جبکہ عارضی واش رومز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی تفریح اور سہولت کے لیے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے فوڈ اسٹریٹ قائم کی جا رہی ہے جبکہ دو سو ایکڑ رقبے پر زمین ہموار کر کے وسیع پارکنگ ایریا کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
سیکیورٹی کے حوالے سے منڈی کے اطراف اور آنے والے راستوں پر پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کے اہلکار الرٹ ہیں جبکہ مزید نفری بھی تعینات کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آمد اور خرید و فروخت کا سلسلہ عیدالاضحیٰ تک جاری رہے گا، جبکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔


