1973ء کا آئین وفاق کی مضبوطی اور عوامی حقوق کا ضامن ہے: مراد علی شاہ
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ دستور پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1973ء کا آئین وفاق کی مضبوطی اور عوامی حقوق کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے، جب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ، جمہوری اور اسلامی آئین دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئین کے تحفظ کی جدوجہد جاری ہے۔ ان کے مطابق آئین کی سربلندی ہی ملک میں جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی حاکمیت آئینِ پاکستان کی بنیاد ہے، جو ہر شہری کو مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ آئین کے تحت عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد قائم رہتا ہے اور انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی ایک مضبوط ریاست کی پہچان ہے۔ یومِ دستور ہمیں اپنے حقوق اور فرائض کی یاد دہانی کراتا ہے، اور ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کرے کیونکہ آئین کے تحفظ سے ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مضبوط جمہوریت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، اور آئین کے مطابق اداروں کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


