آئین پرمکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت قائم رہ سکتی ہے،صدراوروزیراعظم کے یومِ دستور پر پیغامات

اسلام آباد(بولونیوز) یومِ دستور کے موقع پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے اپنے الگ الگ پیغامات جاری کرتے ہوئے آئین کی اہمیت اور اس پر مکمل عملدرآمد کو جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1973 کا آئین پاکستان کی جمہوری شناخت، وفاقی توازن اور شہری حقوق کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں متفقہ آئینی نظام کی بنیاد رکھی گئی۔

صدر مملکت نے زور دیا کہ آئین صرف ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ ریاستی اداروں کے کام کرنے کا بنیادی رہنما اصول ہے، جس پر مکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت اور انصاف قائم رہ سکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم آئینِ پاکستان کی منظوری کے دن کو قومی جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں اور دستور کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے پارلیمانی جمہوری نظام اور مضبوط ریاستی ڈھانچے کی بنیاد رکھی، جبکہ یہ آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ بھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین وفاق اور قومی اتحاد کی علامت ہے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔

یومِ دستور کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین قومی وحدت اور جمہوری استحکام کا سنگ میل ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی آئین کی پاسداری اور اس پر عملدرآمد کو ملکی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *