خواجہ آصف کے بیان پر تنازع، اسرائیلی وزیراعظم کا شدید ردعمل
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری بیان کے بعد ایک نیا سفارتی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
وزیرِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ “اسرائیل انسانیت کے لیے ایک لعنت ہے” اور اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوران لبنان میں مبینہ “نسل کشی” جاری ہے۔ انہوں نے غزہ، ایران اور لبنان میں ہونے والی صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بعد ازاں یہ پوسٹ سوشل میڈیا سے ہٹا دی گئی، تاہم اس دوران یہ بیان تیزی سے وائرل ہو گیا اور مختلف حلقوں میں بحث کا باعث بن گیا۔
دوسری جانب اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے اسے “انتہائی اشتعال انگیز” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ملک کے وزیرِ دفاع کی جانب سے اس نوعیت کا بیان، جو خود کو امن کے لیے غیر جانبدار ثالث کے طور پر پیش کرتا ہے، قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔
اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس معاملے کو توجہ مل رہی ہے۔


