راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شاہراہیں بند، ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا پلان جاری کر دیا
اسلام آباد/راولپنڈی(بولونیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں امن مذاکرات کے سلسلے میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت متعدد اہم شاہراہوں کو مختلف اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس اسلام آباد راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو شہر کے مختلف راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی، تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ جی ٹی روڈ سے پشاور سے راولپنڈی آنے والے مسافر ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات کے راستے استعمال کریں۔ لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو بھی انہی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
مارگلہ روڈ کے سیکٹرز ایف 6، جی 5، جی 6 اور جی 7 سے راولپنڈی جانے والوں کو نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری رنگ روڈ، بنی گالہ اور ترلائی روڈ استعمال کریں، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے افراد صدر مری روڈ کے ذریعے شہر میں داخل ہوں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں اور سکیورٹی انتظامات اور متبادل راستوں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔


