جعلی کینیڈین ویزے پر سفر کی کوشش ناکام، 98 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف
لاہور(بولونیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی کینیڈین وزٹ ویزے پر سفر کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر اکرام علی کے پاسپورٹ پر لگا کینیڈین وزٹ ویزا جعلی پایا گیا، جس کے بعد اسے مزید کارروائی کے لیے روک لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ اس نے مبینہ طور پر ایجنٹ عابد علی سے 98 لاکھ روپے کے عوض کینیڈا بھجوانے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس کے مطابق معاہدے کے تحت 40 لاکھ 40 ہزار روپے پہلے ہی ایجنٹ کو ادا کیے جا چکے تھے، جبکہ باقی 57 لاکھ 60 ہزار روپے اور دو ضمانتی چیکس کینیڈا پہنچنے کے بعد ادا کیے جانے تھے۔
ایف آئی اے نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


