گل پلازہ آتشزدگی کیس: نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت منظور

کراچی(بولونیوز)کراچی کی سیشن عدالت نے گل پلازہ آتشزدگی کیس میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے بالغ ملزمان کو پانچ، پانچ لاکھ روپے جبکہ کم عمر ملزم کو 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسلم شیخ نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان مالی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اتنی بڑی مالیت کے مچلکے جمع کرانا ان کے لیے ممکن نہیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے سرکاری اداروں کی مبینہ غفلت اور نااہلی کو چھپانے کے لیے انہیں مقدمے میں نامزد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے بعد انہوں نے سیکڑوں افراد کو مارکیٹ سے بحفاظت باہر نکالا، جبکہ سرکاری امدادی ادارے تاخیر سے موقع پر پہنچے اور ان کے پاس آگ بجھانے کے لیے مناسب پانی اور دیگر ضروری وسائل بھی موجود نہیں تھے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے مقررہ مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی، جبکہ کیس کی مزید سماعت بعد میں ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *