سی پی ایل سی نے جون 2026 کے جرائم کے اعدادوشمار جاری کر دیے، اسٹریٹ کرائم بدستور بڑا چیلنج

کراچی(بولونیوز)سی پی ایل سی نے کراچی میں جون 2026 کے دوران ہونے والے جرائم کے اعدادوشمار جاری کر دیے، جن کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کے واقعات بدستور شہریوں کے لیے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جون کے دوران شہر بھر سے موبائل فون چھیننے کے 1,689 واقعات رپورٹ ہوئے، یعنی روزانہ اوسطاً 56 سے زائد شہری موبائل فون سے محروم ہوئے۔ اسی عرصے میں 2,419 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ 374 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر چھین لی گئیں، جس کے مطابق روزانہ اوسطاً 80 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری ہونے کا انکشاف ہوا۔

سی پی ایل سی کے اعدادوشمار کے مطابق جون میں 101 گاڑیاں چوری اور 8 گاڑیاں چھیننے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جبکہ قتل کے 40 مقدمات درج کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون کے دوران بھتہ خوری کے 9 مقدمات سامنے آئے، جبکہ اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

سی پی ایل سی کے مطابق کراچی میں شہریوں سے لوٹ مار، موبائل فون اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ تشویش کا باعث ہے، جس سے اسٹریٹ کرائم پر مؤثر قابو پانے کی ضرورت مزید اجاگر ہو گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *