ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج
لاہور(بولونیوز)لاہور میں معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ مزنگ میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درخواست گزار دوست محمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جن کا کہنا ہے کہ کاشف ضمیر نے انہیں اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 19 لاکھ 40 ہزار روپے کا مبینہ فراڈ کیا۔ اس معاملے پر درخواست گزار پہلے ہی تھانہ گلبرگ لاہور میں فراڈ کا مقدمہ درج کرا چکے ہیں، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فراڈ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد کاشف ضمیر نے مبینہ طور پر واٹس ایپ اور دیگر ذرائع سے درخواست گزار کو مسلسل دھمکیاں دیں اور مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ درخواست گزار نے ان دعوؤں کے ثبوت بھی پولیس کو فراہم کرنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔
پولیس نے درخواست اور ابتدائی شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی) اور ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کی دفعہ 25(D) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


