عالمی منڈی میں قیمت کم ہونے پر فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، وزیر پیٹرولیم
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی تو اس کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے سامنے تمام حقائق پیش کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق خام تیل کی عالمی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر واپس آ چکی ہیں، تاہم پاکستان جو پیٹرول درآمد کرتا ہے، اس کی قیمت اب بھی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 15 ڈالر فی بیرل زیادہ ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان اپنی ضرورت کا 70 سے 80 فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے، اسی لیے درآمدی قیمتوں کا براہِ راست اثر مقامی نرخوں پر پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی مالی گنجائش پیدا ہوئی، حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کیا، اور اگر عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی آئی تو اس کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا جائے گا۔


