پنجاب میں گرمی کی شدت، مریم نواز کا عوامی مقامات پر فوری سہولیات فراہم کرنے کا حکم
لاہور(بولونیوز) پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz نے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز، ریلوے اسٹیشنز اور چوک چراہوں میں ٹھنڈے پانی، سائے کے انتظام، پنکھے اور کولر نصب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ شدید گرمی کے باعث شہریوں، مسافروں اور محنت کش طبقے کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر فوری طور پر واٹر کولرز، عارضی شیڈز اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد گرمی سے بچاؤ اور ہیٹ ویو کے خطرات کو کم کرنا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


