آئندہ مالی سال میں صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 920 ارب روپے کم ہونے کا امکان
اسلام آباد(بولونیوز) آئندہ مالی سال کے لیے صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 920 ارب روپے کمی کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی دباؤ اور وسائل کی کمی کے باعث زیادہ تر صوبوں کے ترقیاتی اخراجات میں نمایاں کٹوتی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے، جہاں بجٹ 1450 ارب روپے سے کم ہو کر 749 ارب روپے رہ جائے گا، یعنی 701 ارب روپے کی کمی۔
اسی طرح سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں 110 ارب روپے کی کمی کی جا رہی ہے، جس کے بعد بجٹ 816 ارب روپے سے گھٹ کر 706 ارب روپے ہو جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے ترقیاتی بجٹ میں بھی 109 ارب روپے کی کمی متوقع ہے، جس کے بعد بجٹ 564 ارب روپے سے کم ہو کر 455 ارب روپے رہ جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ برقرار رکھا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں اس بڑی کٹوتی سے صوبوں میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے، تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ مالی نظم و ضبط کے تحت یہ فیصلے ناگزیر ہیں۔


