سرجانی ٹاؤن تا نمائش چلنے والی گرین بس سروس کی حالت زار، انتظامی امور پر سوالات

کراچی(بولونیوز)سرجانی ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک چلنے والی پبلک گرین بس سروس مبینہ طور پر بدحالی کا شکار ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے اس منصوبے کی کارکردگی میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جب یہ منصوبہ وفاقی سطح پر تھا تو سروس نسبتاً بہتر انداز میں چل رہی تھی، تاہم بعد ازاں انتظام سندھ حکومت کے پاس آنے کے بعد مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گرین بس کے اسٹاپس میں سے عبداللہ بس اسٹاپ طویل عرصے سے بند ہے، جس کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ماہانہ بنیادوں پر مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بسوں کی باقاعدہ مینٹیننس نہ ہونے کے باعث مختلف فنی خرابیاں سامنے آ رہی ہیں، جو مستقبل میں مسافروں کے لیے مشکلات اور خطرات کا سبب بن سکتی ہیں۔

گرین بس سروس کے ایک اسٹاف افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انتظامی مسائل اور مبینہ کرپشن سے متعلق دعوے بھی کیے ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بس سروس کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *