لاپتہ خواتین و بچیوں کی بازیابی: چیف جسٹس عالیہ نیلم کا پنجاب پولیس کو 15 روز کی مہلت
لاہور(بولونیوز)چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب بھر سے لاپتہ ہونے والی 1853 خواتین اور بچیوں کو 15 روز کے اندر بازیاب کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے عدالت نے پنجاب پولیس کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ہونے والا ہر فرد کسی نہ کسی خاندان کی امید، خوشی اور سہارا ہوتا ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ ماضی میں بعض اوقات لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے مذاق کا موضوع بنایا گیا، حالانکہ پاکستان کے ہر شہری کی جان اور سلامتی یکساں اہمیت رکھتی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی صوبے یا شہر سے ہو۔
عدالت نے واضح کیا کہ لاپتہ افراد کے مقدمات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے عدالتی حکم کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام لاپتہ افراد کو جلد اپنے اہلِ خانہ سے ملا دے، متاثرہ خاندانوں کو صبر عطا فرمائے اور ملک میں امن و امان قائم کرے۔


