شہری چیئرمین کو ہراساں کرنے کا معاملہ، ایس ایچ او سمیت 8 پولیس افسران و اہلکار معطل
کراچی(بولونیوز)شہری چیئرمین الطاف کو گرفتار کرنے، مسلسل موبائل میں بٹھا کر ہراساں کرنے اور ناجائز رقم کے مطالبے کے الزامات پر سخت کارروائی عمل میں آ گئی ہے۔ واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ کورنگی کے ایس ایچ او سمیت 8 پولیس افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے معطلی کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کیا۔ معطل ہونے والوں میں ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا (K.I.A) ناصر محمود بھی شامل ہیں، جبکہ انچارج ڈی آئی بی ڈسٹرکٹ کورنگی انسپکٹر کاشف قیوم کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق تمام معطل افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر پی ایچ کیو ایسٹ زون کلوز کر دیا گیا ہے۔ یہ معطلی افسران و اہلکاروں کے طرزِ عمل (کنڈکٹ) کی انکوائری مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ معطل اہلکاروں میں سب انسپکٹر لیاقت علی، دو ہیڈ کانسٹیبل اور تین پولیس کانسٹیبل شامل ہیں، جو تمام کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانہ میں تعینات تھے۔ دورانِ معطلی تمام افسران اور اہلکار روزانہ کی بنیاد پر رول کال اور پریڈ میں شرکت کے پابند ہوں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


