سرائے نورنگ بازار میں بم دھماکہ، خاتون سمیت 8 افراد شہید، متعدد زخمی
لکی مروت(بولونیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ بازار پھاٹک کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ شہداء میں دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر 7 لاشیں ہسپتال لائی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکار راحت اللہ اور عادل جان موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہداء اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی خاتون دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جس کے بعد شہداء کی تعداد 8 ہو گئی۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے فتح خیل میں نامعلوم افراد نے ریڑہ پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا، تاہم اس واقعے میں جانی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔سیکیورٹی اداروں نے دونوں واقعات کے بعد علاقوں کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ زخمیوں کو ممکنہ طور پر بہتر علاج کے لیے دیگر طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔


