جماعتِ اسلامی کا مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان، ہڑتال کا آپشن بھی موجود
اسلام آباد(بولونیوز)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال اور پہیہ جام کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ملک میں شدید مہنگائی پیدا ہو رہی ہے، جس کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 271 روپے فی لیٹر بنتی ہے، مگر 117 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز عائد کر کے عوام کو 401 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے سوال اٹھایا کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، تو کیا جنگ اور عالمی حالات کے اثرات صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جماعتِ اسلامی ہڑتال اور پہیہ جام تحریک شروع کرنے پر بھی غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام اب مزید مہنگائی برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور حکومت کو فوری طور پر پیٹرولیم لیوی اور ٹیکسز میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔


