ایران کی مسلح افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، باقر قالیباف
تہران(بولونیوز)ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ غلط حکمتِ عملی اور غلط فیصلے ہمیشہ غلط نتائج ہی پیدا کرتے ہیں، اور یہ حقیقت اب پوری دنیا سمجھ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اگر کسی نے جارحیت کی کوشش کی تو وہ نتائج دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط کیا جا رہا ہے اور مسلح افواج کو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق باقر قالیباف کا یہ بیان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جسے ایران کی جانب سے واضح اور دوٹوک پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


