یو اے ای نے ایران کے خلاف خفیہ حملے کیے، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ

واشنگٹن / تہران(بولونیوز)امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کے خلاف جنگ کے دوران مبینہ طور پر خفیہ طور پر حملوں میں حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایران کے لاوان جزیرے پر واقع ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور ریفائنری عارضی طور پر بند ہوگئی۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اپریل کے اوائل میں اس وقت کیا گیا جب اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے قریب تھے۔
اخبار کے مطابق ایک ذریعے نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے خاموشی سے اس تنازع میں یو اے ای کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے ان حملوں کے جواب میں مبینہ طور پر یو اے ای اور کویت پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
ذرائع کے مطابق ایران نے خطے میں جوابی کارروائیوں کے دوران مختلف ممالک پر حملے کیے، جن میں سب سے زیادہ حملے یو اے ای پر کیے گئے جن کی تعداد مبینہ طور پر 2800 تک بتائی گئی ہے، جو اسرائیل پر ہونے والے حملوں سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور علاقائی تنازعات پر عالمی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *