گھریلو ملازمہ اور اس کےبھائی پر پولیس کا مبینہ تشدد، تھانے کا پورا عملہ معطل
لاہور(بولونیوز)لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں پولیس کی جانب سے گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 16 اپریل کو ایک شہری نے اپنی گھریلو ملازمہ پر انگوٹھی چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس پر ملازمہ کو حراست میں لیا گیا۔ تاہم متاثرہ خاندان کا مؤقف ہے کہ جب وہ بچی سے ملنے تھانے پہنچے تو پولیس نے نہ صرف بچی بلکہ اس کے بھائی اور شوہر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایکشن کا حکم دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈیفنس اے تھانے کا پورا عملہ معطل کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی او کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے کی باقاعدہ انکوائری ایس پی کینٹ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ پولیس کو شہریوں سے بدسلوکی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


