حج آپریشن کا آغاز، کراچی ایئرپورٹ سے پہلی پرواز آج شب روانہ ہوگی
کراچی(بولونیوز) حج آپریشن 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے ایئرپورٹس سے عازمینِ حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے پہلی حج پرواز آج رات 3 بجے روانہ ہوگی۔ ایئرپورٹ پر عازمینِ حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ روانگی کے موقع پر سیکیورٹی اور سہولیات کے سخت انتظامات بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور پاکستان نے اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمینِ حج کی روانگی کا ہدف مقرر کیا ہے۔
“روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت امیگریشن کے لیے سعودی عملہ بھی ایئرپورٹ پر موجود ہے تاکہ عازمین کے سفری امور کو آسان بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق عازمینِ حج کو رخصت کرنے کے لیے گورنر سندھ کی آمد بھی متوقع ہے، جس کے ساتھ حج آپریشن کے پہلے مرحلے کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔


