حافظ نعیم الرحمن کا پیپلز پارٹی پر الزام، “حق دو کراچی” مہم پر دکانیں سیل کرنے کی دھمکی کا دعویٰ
کراچی(بولونیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں “حق دو کراچی” بینرز چھاپنے پر دکانیں سیل کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔
اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا کل “حق دو کراچی” کا نعرہ لگانے پر شہریوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا؟
حافظ نعیم الرحمن کے مطابق گزشتہ 18 سالوں میں شہر کو پانی، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ شہر کا انفراسٹرکچر مسلسل زوال کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے سیاسی کارکنان پر دہشت گردی کی دفعات بھی عائد کی جاتی ہیں، جو قابلِ تشویش ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کراچی کے ساتھ پالیسی دراصل شہر کے حقوق کے خلاف ہے، تاہم “حق دو کراچی” کا نعرہ کسی قوم، مسلک یا برادری کا نہیں بلکہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی مشترکہ آواز ہے، اور یہ آواز اس وقت تک بلند رہے گی جب تک شہر کو اس کے تمام حقوق نہیں مل جاتے۔


