میٹرک امتحانات پر سوالیہ نشان، دسویں جماعت کا انگریزی پرچہ امتحان سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل
کراچی(بولونیوز)بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں، تاہم شفاف امتحانات کے حوالے سے میٹرک بورڈ انتظامیہ کے دعوے ایک بار پھر دھرے کے دھرے رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد امتحانی نظام کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ طلبہ اور والدین نے پرچہ آؤٹ ہونے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امتحانی مراکز کے باہر طلبہ کا کہنا ہے کہ پرچہ پہلے ہی گردش میں آنے سے محنتی طلبہ کی حق تلفی ہو رہی ہے، جبکہ نقل مافیا ایک بار پھر سرگرم نظر آ رہا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی بورڈ انتظامیہ کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
واقعے کے بعد تعلیمی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرچہ لیک ہونے کے ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، جبکہ میٹرک بورڈ کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں امتحانات کے دوران پرچے آؤٹ ہونے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس سے امتحانی نظام کی ساکھ مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔


