وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی روضۂ رسول ﷺ پر حاضری
مدینہ منورہ(بولونیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے لیے روضۂ مبارک کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران نوافل ادا کیے اور امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے ملک کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور عالمِ اسلام میں امن کے لیے بھی بارگاہِ رسالت ﷺ میں دعا کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی حاضری کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو روضۂ مبارک تک رسائی فراہم کی۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی یہ روحانی حاضری پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی عکاس بھی ہے اور اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔


