کراچی میں دسویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ امتحان سے قبل آؤٹ ہونے کا انکشاف
کراچی(بولونیوز)دسویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ امتحان سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل آؤٹ ہو گیا، جس سے امتحانی نظام پر ایک بار پھر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں، تاہم امتحانات کے شفاف انعقاد سے متعلق بورڈ انتظامیہ کے دعوے ایک بار پھر غلط ثابت ہوئے ہیں۔
آج دسویں جماعت کے حیاتیات کے پرچے کے آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف پرچہ بلکہ اس کے حل شدہ جوابات بھی گردش کرنے لگے، جس پر طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نویں جماعت کی مارننگ شفٹ میں ہونے والا کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ آؤٹ ہونے کا واقعہ سامنے آ چکا ہے، تاہم تاحال ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلسل پرچے آؤٹ ہونے کے واقعات امتحانی نظام کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں اور فوری اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔


