پاک،چین تعاون کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاک-چین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور مشترکہ تعاون کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صدر آصف علی زرداری کے حالیہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست اور برادر ملک ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ توانائی، لائیو اسٹاک، ماحولیات، زراعت اور ایمرجنسی سروسز کے شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کیا جائے اور تمام منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مفاہمتی یادداشتیں صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ان پر عملی پیش رفت کے لیے واضح ٹائم لائن اور مؤثر مانیٹرنگ ضروری ہے۔
اجلاس میں تھر کوئلے کو گیس اور کھاد میں تبدیل کرنے کے مجوزہ صنعتی منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت مقامی کوئلے سے امونیا اور یوریا کی پیداوار ممکن بنائی جائے گی۔ اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی مئی 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مزید برآں، مویشیوں کی رجسٹریشن اور ویکسینیشن، پانی کی فراہمی، سیوریج ٹریٹمنٹ، ماحولیاتی بہتری، جدید فائر فائٹنگ نظام اور ری سائیکلنگ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے، رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ پاک-چین تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔


