ایف آئی اے کا پشاور میں بڑا کریک ڈاؤن، غیر قانونی مس برانڈڈ سرجیکل اشیاء برآمد
پشاور(بولونیوز)ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اے سی سی پشاور کی نگرانی میں پشاور کے علاقے پہاڑی پورہ میں واقع ایک مکان/گودام پر مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مس برانڈڈ اور ری پیک شدہ سرجیکل اشیاء کے کاروبار کا انکشاف ہوا۔
یہ کارروائی ایف آئی اے کی ٹیم نے صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کے ہمراہ انجام دی۔ ایف آئی اے ٹیم میں SHO طلحہ زمان، SI ظہور علی، SI فہد خان، ASI الیاس، ASI جاوید افضل، FC سبی اللہ، HC آصف خان، لیڈی کانسٹیبل نازیہ وزیر اور FC محمد خان شامل تھے۔ ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم کی قیادت سینئر ڈرگ انسپکٹر صفی اللہ اور انسپکٹر عرفان وزیر کر رہے تھے، جبکہ مقامی پولیس نے بھی مکمل معاونت فراہم کی۔
چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں مبینہ طور پر مس برانڈڈ، ری پیک شدہ اور “فروخت کے لیے نہیں” کے لیبل والی سرجیکل اشیاء برآمد کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ برآمد شدہ تمام اشیاء ڈرگ انسپکٹرز نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔
مزید برآں، مشکوک اشیاء کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لیے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ڈرگ اتھارٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی، بشمول مقدمہ کے اندراج، عمل میں لائی جائے گی۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔


