ڈاکٹر عشرت العباد خان کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار

کراچی(بولونیوز)سابق گورنر سندھ اور روح رواں میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے سربراہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافہ حکومت کی بیڈ گورننس اور عوام دشمن اقدام کی واضح مثال ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ایک ماہ میں صرف ڈرامہ کیا گیا اور ساری کسر 150 روپے اضافے میں نکال لی گئی، جبکہ کفایت شعاری بھی محض دکھاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کے اعداد و شمار بھی عوام کو دھوکہ دینے کا حصہ ہیں اور مہنگائی کے طوفان سے عوام کی کمر ٹوٹ رہی ہے۔ نجی گاڑی یا موٹر سائیکل رکھنا عام شہری کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے حکومت اور اس کے اتحادیوں کو ظالمانہ اقدام اور عوام دشمنی کا ذمہ دار قرار دیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کو بھی غلام بنا رہی ہے۔

انہوں نے عالمی تناظر میں کہا کہ مشرق وسطی کی جنگ کے اثرات دنیا بھر پر پڑ رہے ہیں، اور پاکستان کو ایران کی جانب سے جو ریلیف ملا، اس کے فوائد عوام تک نہیں پہنچائے گئے۔ انہوں نے زور دیا کہ او آئی سی کا اجلاس، اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف کا کردار ضروری ہوچکا ہے، اور بین الاقوامی طاقتیں ایران کے ساتھ ظالمانہ رویہ ختم کروانے کے لیے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، کویت اور دیگر ممالک بحرانی اور جنگی کیفیت کا شکار ہیں، اور جنگی جنون کو صرف عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ ہی ختم کرا سکتی ہیں۔ پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کردار میں شامل نہ ہونے کی صورت میں دنیا بدترین معاشی بحران اور غیر یقینی حالات کا شکار ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *