کراچی کینٹ پر سکھر ایکسپریس میں جدید ریفربشڈ کوچز کا افتتاح

کراچی(بولونیوز) گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمن لاکھو کے ہمراہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس میں جدید ریفربشڈ کوچز کی شمولیت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاح سے قبل گورنر سندھ اور ناصر شاہ نے ٹرین کے اندر کوچز کا تفصیلی معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا، جس کے بعد ربن کاٹ کر ٹرین کو باقاعدہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ سکھر ایکسپریس سندھ کی ایک اہم ٹرین ہے جو کراچی سے جیکب آباد تک درجنوں شہروں اور 22 سے زائد اسٹیشنز پر مسافروں کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے ریلوے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن سمیت دیگر اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور روہڑی کے تاریخی ریلوے اسٹیشن کو بھی وفاقی و صوبائی حکومت کے اشتراک سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے اور سکھر ایکسپریس کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین سندھ کے مختلف علاقوں کو ملاتے ہوئے جیکب آباد تک سفر کرتی ہے اور پورے صوبے کے عوام کو جوڑنے کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے کوچز میں فراہم کردہ سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیتے ہوئے ریلوے کے عملے، انجینئرز اور وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو کریڈٹ دیا۔

گورنر نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے عوام کے درمیان محبت اور روابط کو فروغ دینے میں یہ ٹرین اہم کردار ادا کرے گی اور مستقبل میں اس سروس کو مزید وسعت دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *